رائے بریلی،21/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر عوام کو چوٹ پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب عوام کو ایس پی -کانگریس اتحاد کو اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں کم از کم 250سیٹوں پر جتانا ہے اور 2019کے لوک سبھا انتخابات کے بعد مودی کو گجرات واپس بھیجنا ہے۔راہل نے سرینی اسمبلی حلقہ کے پکھرولی میں منعقد انتخابی ریلی میں کہا کہ مودی جی اور دوسرے بی جے پی رہنما ان کے بارے میں الٹا سیدھا بولتے رہتے ہیں، مگر انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بلکہ مزہ آتا ہے، لیکن مودی جی نے جو فوڈ پارک چھینا، وہ غلط تھا،یہ کام کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی،اس سے عوام کو ہی فائدہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اتر پردیش، خاص طور پر رائے بریلی اور امیٹھی کے علاقے کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے،وہ نہیں چاہتے ہیں کہ یہاں کی عوام کی ترقی ہو۔راہل نے کہا کہ عوام کو تکلیف دینے والی پارٹیوں کو انتخابات میں شکست سے دوچار کرتے ہوئے ہمارے اتحاد کو کم از کم 250سیٹیں جتانی ہوں گی اور 2019کے لوک سبھا انتخابات کے بعد مودی کو واپس گجرات بھیجنا ہو گا۔کانگریس نائب صدر نے امیٹھی میں فوڈپارک پروجیکٹ کو واپس لیے جانے پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ فوڈپارک لگنے سے رائے بریلی، امیٹھی، سلطان پور، پرتاپ گڑھ سمیت کئی اضلاع کے کسانوں کو فائدہ ہوتا، اس سے تقریبا 10ہزار لوگوں کو روزگار ملتا۔